اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست پر قومی ٹیم پر تنقید کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وارم اپ میچ میں قومی ٹیم کی افغانستان کے ہاتھوں شکست پر وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا ہے کہ ’مجھے تو مکی آرتھر کی فکر ہے، ابھی باب وولمر کا غم نہیں بھولے۔‘
مجھے تو مکی آرتھر کی فکر ہے، ابھی باب ووالمر کا غم نہیں بھولے۔۔۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 24, 2019
واضح رہے کہ گزشتہ روز وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی، قومی کرکٹ ٹیم اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز بھی 4-0 سے ہار گئی تھی۔
مزید پڑھیں: وارم اپ میچ، افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی
یاد رہے کہ 2007 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا شمار فیورٹس میں تھا لیکن آئرلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد قومی ٹیم پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہوگئی تھی۔
آئرلینڈ سے پاکستان کی شکست کے چند گھنٹوں بعد ہی ہیڈ کوچ باب وولمر کی موت کی خبر سامنے آئی تھی، جمیکا پولیس نے کئی ماہ تک باب وولمر کی موت کا سبب جاننے کے لیے تحقیقات کیں اور بالآخر موت کو فطری قرار دیا گیا تھا۔
اس وقت قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ہیں، مکی آرتھر کی کوچنگ میں ہی قومی ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی جس کے بعد سے ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کو ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔