الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کا کیس، فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

اسلام آباد: بغاوت پر اکسانے اور الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بغاوت پر اکسانے اور الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نےکیس کی سماعت کی۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری عدالت میں پیش ہوئے، عدالے نے کہا کہ 24 جون کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

عدالت نے مقدمے کی نقول فواد چوہدری کو فراہم کردیں اور آئندہ سماعت پر فواد چوہدری کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ اس کیس میں فواد چوہدری کو 25 جنوری کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا، یکم فروری کو سیشن کورٹ نے ان کو ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔

فواد چوہدری کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جو سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر کیا گیا، فواد چوہدری پر الیکشن کمیشن کو دھمکانے کا الزام ہے۔