اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کمزور ہوئی تو ملک بھیڑیوں کے ہاتھ لگ جائیگا، جے یوآئی جیسی شدت پسند جماعتیں پی ٹی آئی کا متبادل نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پارٹی کی غیر متوقع شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان ذاتی اختلافات پس پشت ڈالیں اور عمران خان کی قیادت میں خود کومنظم کریں۔
اگر JUI جیسی شدت پسند جماعتیں PTI کا متبادل ہیں تو واقعی آپ کی بات درست ہے ، PTI کی لیڈرشپ اور کارکنان اس صورتحال میں ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈالیں اور عمران خان کی قیادت میں خود کو منظم کریں اس وقت اگر PTI کمزور ہوئ تو ملک بھیڑیوں کے ہاتھ لگ جائیگا https://t.co/3tIXzSzStZ
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 21, 2021
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اپنے معنی خیز پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت اگر پی ٹی آئی کمزور ہوئی تو ملک بھیڑیوں کےہاتھ لگ جائیگا، جے یو آئی جیسی شدت پسند جماعتیں پی ٹی آئی کا متبادل نہیں ہوسکتی۔
یہ بھی پڑھیں: کے پی بلدیاتی الیکشن: غلطیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑا، وزیراعظم
اپنے ایک اور ٹوئٹ میں وزیر اطلاعات نے قرضوں کی ادائیگیوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی 12.27 ارب ڈالر ہے، آئندہ مالی سال 2023 میں غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی 12.5 ارب ڈالر ہوگی، پی ٹی آئی کے 5 سال دور حکومت میں مجموعی قرض ادائیگیاں 55 ارب ڈالر ہوں گی۔مسلم لیگ ن نے 5 سالہ حکومت میں 27 ارب ڈالر بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے کےپی بلدیاتی الیکشن کے پہلےمرحلے میں غلطیاں کیں اور ان غلطیوں کی قیمت بھی ادا کی۔