لاہور: نوازشریف کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کی رہائی عدالتی فیصلے کی غلطی کی وجہ سے کل تک ملتوی کردی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فواد حسن فواد کی رہائی کے فیصلےمیں ٹائپنگ کی غلطی تھی جس کے باعث اُن کی جیل سے رہائی ممکن نہ ہوسکی اور اب انہیں کل صبح رہا کیے جانے کا امکان ہے۔
عدالت کے تحریری فیصلے میں سابق پرنسپل سیکریٹری فوادحسن فوادکی رہائی کی تاریخ غلط درج ہونے کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لاہور ہائی کورٹ کے تحریری فیصلے میں اسٹینوگرافر نے 21 جنوری کے بجائے 21فروری ٹائپ کردیا تھا۔
فواد حسن فواد کے وکیل کا کہنا تھا کہ تحریری فیصلے پردرج تاریخ کی غلطی درست کرالی گئی ہے، کوشش تھی کہ آج کی تاریخ میں رہائی مل سکے مگر ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔
مزید پڑھیں: فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری
قبل ازیں لاہورہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے فواد حسن فواد کی درخواست ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔ جس میں لکھا گیا کہ نیب پراسیکیوٹر آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
تحریری فیصلے کے مطابق جس کمپنی نے پلازہ کی خریداری کی ملزم اس کمپنی کا ڈائریکٹر ہی نہیں، اور نہ ہی پلازہ کی خریداری میں ملزم کے اکاؤنٹ سے رقم منتقلی ہوئی، جبکہ لین دین کی ڈیل میں بھی ملزم کا کوئی کردار سامنے نہیں آیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے ایک کروڑ روپے کے مچلکے پر فواد حسن فواد کو ضمانت دی۔