پاکستانی اور بھارتی شائقین کا طویل انتظار ختم ہوا، فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ‘ کی پہلی قسط ریلیز کردی گئی۔
سیریز ‘برزخ’ کی پہلی قسط کو بھارتی یوٹیوب چینل زندگی اور اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو پر ریلیز کیا گیا ہے، اس سیریز کے ذریعے پاکستانی اداکار فواد خان اور صنم سعید نے 12 سال بعد ایک ساتھ اسکرین پر واپسی کی ہے اس سے قبل دونوں نے پاکستانی ڈرامہ زندگی گلزار ہے میں کام کیا تھا۔
اس سیریز میں اب پہلی بار وہ بہن اور بھائی کے کرداروں میں اسکرین پر نظر آئیں گے، عاصم عباسی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیزیز کو بھارتی پروڈیوسر نے پروڈیوس کیا ہے اور اسے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے ہی بنایا گیا تھا۔
View this post on Instagram
ویب سیریز کی پہلی قسط 53 منٹ پر مشتمل ہے اور اسے چند ہی گھنٹوں میں یوٹیوب پر ہزاروں بار دیکھا گیا اور شائقین نے سیریز کے آغاز کی تعریفیں کیں۔
’ برزخ ‘ کی کہانی ایک 76 سالہ شخص کی دوسری شادی اور اس کے خاندان کو شادی کی تقریب میں مدعو کیے جانے سمیت خاندان کے اندر ہونے والے مسائل کے گرد گھومتی ہے۔
سیریز کی عکس بندی پاکستان کے مقبول سیاحتی مقام ہنزہ اور اور کراچی شہر میں کی گئی ہے۔ اس کی کاسٹ میں فواد خان اور صنم سعید کے علاوہ ایمان سلیمان، فائزہ گیلانی، خوشحال خان، سلمان شاہد، انیقا ذوالفقار علی اور فرانکو گوئسٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔