فواد خان کی ’پروانہ‘ کے ساتھ میوزک انڈسٹری میں واپسی

عالمی شہرت یافتہ معروف پاکستانی اداکار و گلوکار فواد خان نے ’پروانہ‘ کے ساتھ میوزک انڈسٹری میں واپسی کرکے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔

اداکار فواد خان نے سالوں قبل راک بینڈ ای پی کے ساتھ گلوکاری کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد گلوکارہ چھوڑ کر اداکاری میں لوہا منوایا تاہم اب انہوں نے دوبارہ نیا نغمہ ’پروانہ‘ کے ساتھ میوزک انڈسٹری میں واپسی کی ہے۔

پروانہ محبت، دھوکے اور پچھتاوے کے جذبات پر مبنی ہے جس میں فواد خان عاشق کا کردار نبھا رہے ہیں جو بارش میں بھیگی یادوں کے ساتھ ماضی کو یاد کررہا ہے۔

گانے کی پیشکش مشہور ہدایت کار بلال لاشاری نے کی ہے، اور فواد خان نے اپنے مخصوص انداز اور بے مثال اداکاری سے اس گانے میں جان ڈال دی ہے۔

مداحوں نے نہ صرف فواد خان کی پرفارمنس کو سراہا بلکہ ساؤنڈ اسٹیشن کو بھی خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے ایک بار پھر ایک لیجنڈری گلوکار کو سننے کا موقع دیا۔

فواد خان کی یہ واپسی ان کے فنی سفر کا نیا اور خوش آئند باب ثابت ہو رہی ہے، اور مداح ایک بار پھر ان کی آواز میں نئی موسیقی سننے کے لیے بے چین ہیں۔