فواد خان 24 برسوں سے کس بیماری میں مبتلا ہیں؟

فواد خان

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فواد خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 24 برسوں سے شوکر کے مرض میں مبتلا ہیں۔

اداکار فواد خان نے حال ہی میں یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ 17 سال کی عمر سے ٹائپ ون ذیابیطس کے ساتھ زندگی بسر کررہا ہوں۔

فواد خان نے کہا کہ وہ 17 سال کے تھے جب بہت تیز بخار ہوا تھا، بخار کے سبب سات دنوں میں ان کا وزن 65 سے 55 کلو پر آگیا تھا، ان کا دس کلو وزن کم ہوگیا تھا جس کے بعد انہیں صحت سے متعلق کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

فواد خان کا بتانا ہے کہ مکمل چیک اپ کروانے پر معلوم ہوا کہ اُنہیں شوگر ہے، یہ شوگر کی ٹائپ 1 تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ آج 41 سال کے ہیں اور 24 برسوں سے شوگر میں مبتلا ہیں۔

انٹرویو کے دوران فواد خان کا بتانا تھا کہ وہ اپنے اسکول میں بہت متحرک طالبِ علم تھے اور ہر کھیل میں حصہ لیا کرتے تھے اور شوگر کے بعد اُنہوں نے بالکل کھیلنا چھوڑ دیا تھا، اُن کی کھیلوں میں سے دلچسپی ہی ختم ہو گئی تھی۔

فواد خان کا بتانا تھا کہ وہ شوگر کے سبب بہت تھکے رہتے تھے، جب آپ کی شوگر لو ہوتی ہے تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کہ کوئی آپ کی روح کھینچ رہا ہو، منہ خشک ہو جاتا ہے، آنکھیں اوپر چڑھنے لگتی ہیں اور مجھے خود پر کوئی کنٹرول نہیں ہوتا کیوں کہ شوگر کے سبب آپ کے پٹھے بھی سکڑنے لگتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران فواد خان کا کہنا تھا کہ دنیا نہیں بدلتی، آپ کو اپنے آپ کو اتنا مضبوط بنانا ہوگا کہ برے وقت کا مقابلہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹی عمر میں انسولین لگانا اور اسے ہر وقت ساتھ لے جانا اسکول میں ایک مسلسل تکلیف تھی لیکن انہوں نے بیماری کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیا۔