ممبئی (10 اگست 2025): پاکستانی سُپر اسٹار فواد خان اور معروف بالی وڈ اداکارہ وانی کپور کی فلم ’عبیر گلال‘ کی ریلیز سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آگئی۔
بھارت میں فواد خان کے مداح یہ جان کر کافی پُرجوش تھے کہ وانی کپور کے ساتھ ان کی فلم عبیر گلال 9 مئی 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی مگر 22 اپریل 2025 کو پہلگام واقعے کے بعد اس کی ریلیز کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مودی سرکار نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جس کے بعد بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے خلاف نفرت بڑھنے لگی۔
یہ بھی پڑھیں: وانی کپور دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کے دفاع میں آگئیں
بہت سے لوگوں کو خدشہ تھا کہ وہ اب اس فلم کو کبھی نہیں دیکھ سکیں گے تاہم حالیہ پیشرفت نے مداحوں میں نئی امید جگا دی۔
بز ایشیا لائیو کی رپورٹ کے مطابق عبیر گلال 29 اگست کو دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ اسی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ فلم کا نام Abir Gulaal سے بدل کر Aabeer Gulaal رکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کیا فلم بھارت میں بھی ریلیز کی جائے گی، مگر بالی وڈ سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق عبیر گلال کے بنانے والے فلم ’سردار جی 3‘ کی ریلیز کا پیٹرن اپنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس فلم میں بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ اور مقبول پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے کام کیا۔
’سردار جی 3‘ پہلگام واقعے کی وجہ سے بھارت میں ریلیز نہیں ہو سکی تاہم اسے دیگر ممالک میں نمائش کیلیے پیش کیا گیا اور اس نے بھاری منافع کمایا۔ اسی طرح پنجابی فلم ’چل میرا پٹ 4‘ کو بھی بھارت سے باہر ریلیز کیا گیا اور اس نے کامیابی حاصل کی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا عبیر گلال بھی باکس آفس کے معاملے میں ان دونوں پنجابی ہٹ فلموں کے نقش قدم پر چلے گی۔
پہلگام واقعے سے پہلے عبیر گلال کی پروموشن زوروں پر تھی۔ 19 اپریل 2025 کو دبئی کے گلوبل ولیج میں منعقد ہونے والے میوزک لانچ کو شائقین اور میڈیا کی جانب سے زبردست رسپانس ملا تھا۔