پنجاب میں پہلی مرتبہ تحصیلوں کی سطح پراختیارات منتقل کیے گئے، فیاض چوہان

فیاض چوہان

لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ تحصیلوں کی سطح پراختیارات منتقل کیے گئے، ایک سال کے اندر1500کلومیٹر سڑکیں بنی ہیں۔

یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ24ارب روپے مالیت کے زرعی پراجیکٹس شروع کئے جارہے ہیں۔

زراعت، صنعت کے شعبوں سے کروڑوں لوگوں کا روزگار جڑا ہے، گزشتہ سال گنے کے کاشت کاروں کو99 فیصد ادائیگیاں کی گئیں۔

فیاض چوپان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی حکومت نے پہلی بار یہ اقدامات اٹھائے کہ پہلی دفعہ تحصیلوں کی سطح پراختیارات منتقل کیے گئے، الیکشن کا جب پہلا فیز ہوگا تو عوام میں اختیارات منتقل ہونگے، ایک سال کے اندر1500کلومیٹر سڑکیں بنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی باراساتذہ کی ای ٹرانسفر پالیسی متعارف ہوئی، پورا خاندان40سال اقتدار کے مزے لیتا رہا مگر ای ٹرانسفر پالیسی نہیں آئی، انصاف اسکول پروگرام کے تحت21ہزار بچے واپس اسکولوں میں آئے، اساتذہ کے لئے ٹیچر لائسنس ایکٹ لایا گیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا سپراسٹرکچر ٹیکس کا خاتمہ احسن اقدام ہے، سپر اسٹرکچر ٹیکس کے خاتمے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔