نگراں حکومت کی جانب سے مینار پاکستان میں پانی چھوڑا گیا، فیاض چوہان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حیران ہوں نگراں حکومت کی جانب سے مینار پاکستان میں پانی چھوڑا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان نے جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک پی ٹی آئی کے 500 کے قریب کارکن پکڑے گئے ہیں، پی ٹی آئی کارکنوں، رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ان کارروائیوں سے عمران خان کو مزید پاپولر کر رہے ہیں، حیرانی ہے نگراں حکومت کی جانب سے مینار پاکستان میں پانی چھوڑا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئین و قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو کوئی اختیار نہیں وہ الیکشن کی تاریخ دے، الیکشن کمیشن سمیت ان سب پر آرٹیکل 6 لگتا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ الیکشن میں کسی صورت تاخیر نہیں ہوسکتی،کیا 8 اکتوبر تک مہنگائی ختم ہو جائیگی، پی ڈی ایم الیکشن میں اس وقت پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے ہمارا مطالبہ ہے الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگایا جائے، الیکشن کمیشن نے آئین وقانون کی دھجیاں اڑائی ہیں۔