اسلام آباد: سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے چینی سفیر سے ملاقات کے دوران دورہ چین کی دعوت قبول کر لی۔
جے یو آئی (ف) کے ترجمان کے مطابق فضل الرحمان سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفد میں منسٹر کوونسلر زانگ نو، زھانگ ڈووا اور وانگ سیٹا شامل تھے۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور سی پیک کے متعلقہ امور پر بات چیت ہوئی۔ چینی سفیر نے کہا کہ چاہتے ہیں پاکستان زراعت میں چین کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرے۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں اتفاق ہوا کہ پاک چین دوستی ہر قسم کے حالات میں پھلی پھولی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ سی پیک کو وسعت دینے، زراعت آبپاشی اور دوسرے شعبے بھی شامل کیے جائیں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں لاکھوں ایکٹرا راضی کو چینی تعاون سے زیرِ کاشت لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں صوبوں میں ترقی کیلیے صنعتی اور اکنامک زون بنانا چاہتے ہیں، خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بڑا کارگو ائیرپورٹ زرعی انڈسٹری کیلیے ضروری ہے۔
چینی سیفر نے کہا کہ ہم باہم مل کر اس خطے کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے فضل الرحمان کو دورہ چین کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کیا۔