لکی مروت: جعمیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو سب لوگ تماشہ دیکھیں گے۔
جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کوئی بھی ہو عوام شکوہ کرتے ہیں کہ مسائل حل نہیں ہوئے، ایک وقت تھا جب پاکستان میں میگا پروجیکٹس بنائے جاتے تھے، ایک حکومت آئی اور انہوں نے تمام منصوبے بند کر دیے۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ اس ایجنڈے پر آئے تھے کہ ہم روزگار ختم کریں گے، کہا ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر فراہم کریں گے، نہ انہوں نے نوکریاں فراہم کیں اور نہ گھر بنائیں۔
متعلقہ: فتنے کا مقابلہ کرنے کو ہم جہاد سمجھتے ہیں، مولانا فضل الرحمان
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ملکی ترقی کی شرح 6 فیصد پر تھی، ان کے دور میں پاکستان کی ترقی کی شرح صفر پر چلی گئی تھی۔
بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اب جیل میں ہیں کہتے ہیں ہم مظلوم ہیں، انہوں نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا، ان سے پوچھا گیا ریاست مدینہ کس کو کہتے ہیں، جواب دیا ریاست مدینہ میں قانون سب کیلیے برابر ہوتا ہے، اب قانون ان کے خلاف ہوگیا تو کہتے ہیں میں مظلوم ہوں۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی حکومت نے پی ٹی آئی کو پارٹی فنڈنگ کے نام پر 29 لاکھ ڈالر دیے، اسرائیلی فوج غزہ اور عام عوام پر بمباری کر رہی ہے، پاکستان میں تمام لیڈرز فلسطین جنگ پر بات نہیں کرتے، پاکستان میں حکمران کہتے ہیں حماس دہشتگرد تنظیم ہیں۔