کراچی(16 اگست 2025): پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فضیلہ قاضی کو بھی ملک کا بڑا سول ایوارڈ ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے 263 ملکی و غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے جس میں پاکستان کی معروف شوبز شخصیات بھی شامل ہیں۔
حکومت پاکستان کی جانب سے شعبہ آرٹس میں عرفان علی کھوسہ، حد یقہ کیانی، عرفان احسن، عذرا آفتاب، ثمینہ پیرزادہ، فضیلہ قیصر قاضی، سویرا عباس، حمیرا ارشد، سائرہ نسیم اور سلیمہ ہاشمی کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر اداکارہ فضیلہ نے اس اعزاز پر پاکستان اور اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے اس نامزدگی کو اپنے کام اور کامیابیوں کا شاندار اعتراف قرار دیا ہے۔
View this post on Instagram
اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز صرف ان کی محنت نہیں بلکہ ان کے مداحوں کی محبت اور حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے، یہ نامزدگی اس بات کی علامت ہے کہ فنکاروں کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز حاصل کرنے کے لیے میں 23 مارچ 2026 کا بے صبری انتظار کر رہی ہوں، میں اس موقع کے لیے شکر گزار ہوں اور بہترین کارکردگی کے لیے کوشش جاری رکھنے کا وعدہ کرتی ہوں۔ شکریہ پاکستان۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی معروف شخصیات کو سول اعزازات 23 مارچ 2026 کو یومِ پاکستان کے موقع پر نوازا جائے گا۔