فیصل آباد: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو ملکی سیاست میں نہیں ہونا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ملکی معیشت کو 24 سے 47 نمبر پر لے گئی، پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستانی نہیں ہے اور اب چیئرمین پی ٹی آئی کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں ہم معاشی دلدل سے نہیں نکل سکے، چار سال میں ہمیں آئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا، ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا۔
فضل الرحمان نے کہا کہ یہ نواز شریف کا بھی ملک ہے انہیں یہاں سیاست کرنے کا حق ہے، ان کی واپسی سے متعلق اتنا ہی جانتا ہوں جتنا میڈیا جانتا ہے، نواز شریف کی واپسی پر گرفتاری پر احتجاج کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انضمام کے بعد فاٹا کے عوام کو چھ نشستوں سے محروم کیا گیا ہے، سابقہ فاٹا کو پوری ترقیاتی رقم نہیں دی گئی، یہاں پولیس نظام برائے نام ہے۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ بلوچستان اور کے پی میں الیکشن مہم چلانا مشکل ہوچکا ہے، دو سال میں جے یو آئی کے 20 علما شہید کیے گئے کہا گیا کہ آپریشنز کرکے امن لے آئے ہیں، مقدس عنوان کے تحت بندوق اٹھانے کے مقاصد کچھ اور ہوتے ہیں، جبر اور زبردستی سے کچھ کام نہیں ہوتا۔