اسلام آباد : وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹر میڈیٹ پارٹ ون/ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا، طلبہ تین آسان طریقوں سے نتائج معلوم کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) نے انٹرمیڈیٹ (پارٹ ون اور ٹو) کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
نتائج کے تحت پری میڈیکل گروپ میں پہلی پوزیشن اے پی ایس راولپنڈی کی طالبہ علی ہے طارق نے 1071 نمبر لے کر حاصل کی، دوسری پوزیشن دی سکالر سائنس کالج کی وردہ سرفراز نے 1070 نمبر کے ساتھ جبکہ تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر اے پی ایس گوجرانوالہ کی عروہ ملک اور رسول ڈی کی مناہل مرتضیٰ نے حاصل کی۔
پری انجینئرنگ گروپ میں پہلی پوزیشن دی سکالر سائنس کالج کے مزمل ساجد نے 1063 نمبر کے ساتھ حاصل کی، دوسری پوزیشن کپس کالج کے محمد سمیع نے 1059 نمبر لے کر جبکہ تیسری پوزیشن عائشہ نعیم نے 1054 نمبر کے ساتھ اپنے نام کی۔
جاری اعداد و شمار کے مطابق گیارہویں جماعت کے امتحانات میں 97928 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 60794 امیدوار پاس قرار پائے۔
بارہویں جماعت میں 96521 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 79881 امیدوار کامیاب ہوئے، مجموعی کامیابی کا تناسب 83.19 فیصد رہا، جس میں طلبہ کی کامیابی 75.85 فیصد اور طالبات کی کامیابی 88.91 فیصد رہی۔
مزید برآں، پری میڈیکل گروپ میں کامیابی کا تناسب 94.04 فیصد جبکہ پری انجینئرنگ میں 88.89 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
طلبہ کے لیے نتائج معلوم کرنے کے تین آسان طریقے
ویب سائٹ کے ذریعے
طلبہ ایف بی آئی ایس ای کی آفیشل ویب سائٹ پر جاکر اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کے “Results” سیکشن میں جا کر HSSC Part 2 منتخب کریں، رول نمبر درج کریں اور سبمٹ پر کلک کریں۔ نتیجہ فوری طور پر اسکرین پر آ جائے گا جسے ڈاؤن لوڈ یا پرنٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔
ایس ایم ایس کے ذریعے
ان طلبہ کے لیے جن کے پاس انٹرنیٹ دستیاب نہیں، ایف بی آئی ایس ای نے ایس ایم ایس سروس فراہم کی ہے۔ صرف اپنا رول نمبر لکھ کر 5050 پر بھیجیں۔ چند لمحوں بعد نتیجہ بذریعہ ایس ایم ایس موصول ہو جائے گا۔ (ایس ایم ایس چارجز لاگو ہوں گے۔)
ادارہ جاتی و گزٹ رسائی
تعلیمی ادارے ایف بی آئی ایس ای پورٹل کے ذریعے اپنے طلبہ کے نتائج ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری گزٹ بھی آن لائن جاری کیا جائے گا جس میں تمام نتائج ایک ساتھ دیکھے جا سکیں گے۔