اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بینکوں سے کھاتے داروں کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ بینک اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کی تمام معلومات ایف بی آر کو فراہم کریں، بینک اکاؤنٹ ہولڈرز کے خریدے گئے بانڈز کی تفصیلات نہیں ملی ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ بانڈ ہولڈرز کی تفصیلات ایف اے ٹی ایف کی شرائط کے تحت مطلوب ہیں، بانڈ ہولڈرز کی معلومات انکم ٹیکس گوشوارے میں ظاہر نہیں ہورہی ہیں۔
شبر زیدی نے کہا کہ بانڈز ہولڈرز کی معلومات نہ ہونے پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا مکمل حصول نہیں ہوتا ہے، کمپنیوں کی فنانشل اسٹیٹمنٹ میں بانڈ کی رقوم بطور آف بیلنس شیٹ کی طرح دکھائی جاتی ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر کے مطابق لین دین نظام ریگولیٹ کرنے کے لیے تمام دولت کا معلوم ہونا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: پہلی سہ ماہی کے بڑے ٹیکس ہدف کا 90 فیصد حاصل کرلیا، شبر زیدی
واضح رہے کہ رواں ماہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ الحمد للہ پہلی سہ ماہی کے بڑے ٹیکس ہدف کا 90 فیصد حاصل کرلیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال جولائی تا ستمبر 960 ارب روپے کی ٹیکس وصولی ہوئی، کچھ مزید ایڈجسٹمنٹ کی توقع ہے۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کہ 960 ارب روپے محصولات میں 15 ارب کے ٹیکس ری فنڈ شامل نہیں ہیں، مقامی ٹیکس محصولات میں 25 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ کم درآمدات کے سبب ٹیکس کا ہدف حاصل ہوگیا، اللہ کا شکر ہے، انہوں نے ٹیکس دینے والے پاکستانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔