ایف بی آر کی بڑی کامیابی ! ہدف سے زیادہ ٹیکس جمع کرلیا

ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں ہدف سے زیادہ ٹیکس جمع کرلیا

اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں ہدف سے زیادہ ٹیکس جمع کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نئے مالی سال 2025-2024 کے پہلے مہینے جولائی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ٹیکس ہدف سے زائد محصولات اکٹھے کر لیے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے جولائی کے دوران 755 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا، جبکہ اس مہینے کے لیے 748 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ اس طرح ایف بی آر نے اپنے ماہانہ ہدف سے 7 ارب روپے زائد ریونیو حاصل کیا۔

محصولات کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ انکم ٹیکس کی مد میں 324 ارب روپے ، سیلز ٹیکس کی مد میں 353 ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 46 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 113 ارب روپے اکٹھے کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے ایف بی آر کا مجموعی ٹیکس ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، اور ہر ماہ کا ہدف حاصل کرنا بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کی اہم شرط ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جولائی میں ہدف سے زیادہ ٹیکس وصولی کو معاشی نظم و ضبط اور ٹیکس نیٹ میں بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں مالیاتی استحکام کی بنیاد فراہم کرے گا۔