ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر افسران کی اکھاڑ پچھاڑ

ایف بی آر پوسٹنگ

اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) ان لینڈ ریونیو سروس گریڈ 19 اور 20 کے 101 افسران کے تبادلے کردیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں بڑے پیمانے پر افسران کی اکھاڑ پچھاڑ کی گئی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر ان لینڈ ریونیوسروس گریڈ 19 اور20 کے 101 افسران کے تبادلے کئے گئے ہیں، جن میں ان لینڈ ریونیو سروس گریڈ 19 کے 27 افسران اور گریڈ 20 کے 74 افسران تبدیل ہوئے۔

نوٹیفکیشن میں کہنا ہے کہ کمشنر آر ٹی او زون ون کراچی شازیہ عابد اور چیف کمشنر پشاور ظفر اقبال خان کا تبادلہ کردیا گیا جبکہ کمشنر آئی آر بے نامی زون تھری کراچی شازیہ میمن کو بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنرز لاہور،اسلام آباد،راولپنڈی سمیت دیگر کمشنرز بھی تبادلوں والوں میں شامل ہیں۔

گذشتہ روز وزیراعظم کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں درجنوں اعلیٰ افسران کو عہدوں سے ہٹادیا گیا تھا، گریڈ 20 کے27افسران عہدوں سے فارغ کیا گیا اور خدمات ایف بی آرایڈمن پول کے سپرد کردی گئیں تھیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ افسران کو انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پرعہدوں سے ہٹایا گیا اور ان لینڈ ریونیوسروس گریڈ 20کے 16،کسٹمز گروپ گریڈ 20 کے 11 افسران عہدوں سے فارغ کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کی منظوری کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔