ٹیکس چوروں کی شامت آگئی، ایف بی آر نے اہم ڈیٹا حاصل کر لیا

ایف بی آر نے ایڈوانس اسٹاک رجسٹر سسٹم لانچ کر دیا

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نیٹ سے باہر لاکھوں ٹیکس چوروں کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے۔

چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر توانہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ ٹیکس نیٹ سے باہر 25 لاکھ ٹیکس چوروں کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے، ان میں سے ٹیکس نیٹ سے باہر 10 لاکھ بڑی ٹیکس چوری میں ملوث ہیں۔

امجد زبیر ٹوانہ نے بتایا کہ 10 لاکھ میں سے ساڑھے 5 لاکھ کی معلومات نادرا کے تعاون سے حاصل کریں گے، ساڑھے 4 لاکھ غیر رجسٹرڈ افراد کا ڈیٹا ایف بی آر کے پاس ہے جنہیں نوٹسز بھیجے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2023 تک کی ریٹرن فائلرز کی تعداد 70 لاکھ تک بڑھانے کا ہدف ہے، ایف بی آر کے پاس غیر رجسٹرڈ 1 کروڑ 14 لاکھ افراد کی معلومات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ کی تعداد 3 لاکھ 55 ہزار ہے، درآمدات پر ٹیکسز کا انحصار کم ہو کر 40 فیصد تک محدود ہو چکا ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ایف بی آر نے ملک کے طاقتور طبقات کے انکم ٹیکس کی چھان بین کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ایسوسی ایشنز کے ممبران، صنعت کاروں، وکلا اور ڈاکٹرز ایسوسی ایشنز کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک کی تمام بڑی ایسوسی ایشنز کے ممبران کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں اور بڑی ایسوسی ایشنز کے ممبران کے شناختی کارڈ نمبر اور بڑی ایسوسی ایشنز کے ممبران کے موبائل نمبرز کی تصدیق کی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں، ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ اور نادرا کا ڈیٹا اکھٹا کر کے ٹیکس کی چھان بین کی جائے گی۔