پُرتعیش زندگی گزارنے والے صنعتکاروں اور تاجروں کی چھان بین کا فیصلہ

ٹیکس افسران ایف بی آر

لاہور : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پرتعیش زندگی گزارنے والے صنعتکاروں اور تاجروں کی چھان بین کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آمدنی کے مطابق ٹیکس نہ دینے والے صنعتکاروں اور تاجروں کی چھان بین کا فیصلہ کرلیا۔

ان کے شاہانہ طرز زندگی میں مہنگی کاریں، غیر ملکی دورے اور بڑی جائیدادیں شامل ہیں تاہم ان کے ٹیکس ریکارڈز بہت کم آمدنی ظاہر کرتے ہیں، اس عدم مطابقت نے ایف بی آر کے اندر شدید تحفظات پیدا کر دیے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ عالی شان بنگلوں ،بڑی کوٹھیوں میں رہنے والے بہت کم ٹیکس دیتے ہیں، ایف بی ار لاہور پہلے مرحلے میں ٹیکس کم پر صنعتکاروں،تاجروں کو نوٹسز دے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو جواب سے مطمئن نہ ہوا تو پھر قانونی کاروائی کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا آمدن کے مطابق ٹیکس نہ دینے والوں میں مختلف مارکیٹوں کے صدور، چیمبر اور فیڈریشن کے موجودہ اور سابق عہدیدار شامل ہیں۔

خیال ہے کہ محصولات میں اضافے اور ٹیکس کی تعمیل کو فروغ دینے کے لیے ایسے سخت اقدامات ضروری ہیں، بہت سے ایماندار ٹیکس دہندگان اس بات سے مایوس ہیں کہ کچھ امیر لوگ ٹیکس سے کیسے بچتے ہیں، اس کارروائی سے ایف بی آر واضح پیغام دینا چاہتا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔