کراچی میں الیکٹرک بس سروس کی مکمل بندش کا خدشہ

الیکٹرک بس سروس

کراچی : گزشتہ سال شروع ہونے والی الیکٹرک بس سروس کے تین میں سے دو روٹس کواچانک معطل کردیا گیا، جس کے باعث سیکڑوں مسافروں کوپریشانی کاسامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں الیکٹرک بس سروس کی مکمل بندش کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ، گزشتہ سال شروع ہونے والی الیکٹرک بس سروس کے تین میں سے دو روٹس کواچانک معطل کردیا گیا ہے۔

الیکٹرک بس سروس معطل ہونے کے باعث سیکڑوں مسافروں کوپریشانی کاسامنا ہے، صرف ملیرہالٹ سے بحریہ ٹاؤن تک چلنے والی ای وی۔ ٹو بس سروس آپریشنل ہے، 2 روٹس ای وی۔1 اور ای وی۔3 کی بسوں کو غیر معینہ مدت تک معطل کیا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے کچھ اہم مسائل کو روٹس کی بندش کی وجہ قراردیا گیا ہے، ای وی۔1 الیکٹرک بس جناح ایونیو کے قریب ٹینک چوک سے شروع ہوکر ایئرپورٹ کے علاقے شاہراہ فیصل، ایف ٹی سی، کورنگی اور خیابان اتحاد سے ہوتے ہوئے سی ویو پر کلاک ٹاور تک جاتی ہے۔

ای وی۔3 ملیر کینٹ چیک پوسٹ 5 سے شروع ہو کر صفورہ چورنگی، موسمیات، کامران چورنگی، پرفیوم چوک، ملینیم مال، ڈالمیہ، آغا خان ہسپتال، لیاقت نیشنل ہسپتال سے ہوتے ہوئے ایم اے جناح روڈ تک جاتی ہے۔

بحریہ ٹاؤن اور ملیر کینٹ میں کل 40 بسوں کے لیے دو پاور اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں لیکن چارج اسٹیشن فعال نہ ہونے کی وجہ سے دو روٹس پر بسوں کی آمدورفت معطل ہوچکی ہے۔

اے آر وائی کے نمائندے نے بتایا کہ پیپلز بس سروس اسکیم کے دوسرے مرحلے کے بسوں کی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے ، امکان ہے ان بسوں کو معطل ہونے والے روٹس پر چلایا جائے۔