کراچی میں ڈکیتوں کی بے خوفی، واردات کے بعد کہاں مال کا بٹوارہ کیا؟

کراچی کے شہری ڈاکوؤں چوروں اور اسٹریٹ کرمنلز کے رحم و کرم پر ہیں اور لگتا ہے روز بروز ان کی بے خوفی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ کورنگی میں واردات کے بعد ملزمان نے دلیری کے ساتھ راستے میں ہی مال کا بٹوارہ کر لیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کورنگی سمیت شہر بھر میں چوری ڈکیتی اور موٹرسائیکل لفٹنگ کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، ملزمان نے کورنگی کے علاقے ناصرجمپ میں واردات کی، اس کے بعد انھوں نے بے خوفی سے کورنگی مٹکے والی پلیاں پر مال کا بٹوارہ کیا، لوٹے گئے سامان کے بٹوارے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

ذرائے کے مطابق ملزمان نے واردات کورنگی ناصر جمپ کے قریب کی تھی، ملزمان نے شہری سے نقدی، قیمتی موبائل فون اورنئی موٹرسائیکل چھینی تھی، واردات کے بعد ملزمان کورنگی نمبر ڈیڑھ مٹکے والی پلیاں کے قریب پہنچے اور گلی میں لوٹی گئی رقم، موبائل فون اور موٹرسائیکل کا بٹوارہ کیا۔

ملزمان لوٹے گئے مال کے بٹوارے کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے، ملزمان نے اپنی شناخت کو چھپانے کے لیے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔