اسلام آباد: نگراں وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تنظیم نو اور ڈیجٹلائزیشن کرنے کی منظوری دے دی۔
نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مذکورہ منظوری دی گئی۔ اجلاس کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ کابینہ کو نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کی سربراہی میں بین الوزارتی کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں، گزشتہ اجلاس میں منظوری کیلیے پیش سمری منظوری کیلیے کابینہ کے سامنے رکھی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ریونیو ڈویژن میں وفاقی ٹیکس پالیسی بورڈ تشکیل دیا جائے گا جس کی سربراہی وفاقی وزیر خزانہ کریں گے، بورڈ میں وفاقی سیکرٹریز خزانہ، ریونیو، تجارت، چیئرمین نادرا اور متعلقہ ماہرین ارکان ہوں گے۔
اس میں بتایا گیا کہ بورڈ ٹیکس پالیسی کی تشکیل اور ریونیو اہداف کا تعین کرے گا، بورڈ اسٹیک ہولڈرز میں تعاون کے فرائض سر انجام دے گا، تنظیم نو کے نتیجے میں کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو کے اداروں کو علیحدہ کیا جائے گا جس کی سربراہی متعلقہ کیڈر کے ڈائریکٹر جنرلز کریں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ متعلقہ ڈی جیز کو انتظامی، مالی اور آپریشنل امور کے حوالے سے مکمل اختیار ہوگا، ڈیجٹلائزیشن اور شفافیت کیلیے عالمی سطح پر رائج بہترین اقدامات کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا، کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو کیلیے الگ الگ اوور سائیٹ بورڈز ہوں گے۔