وفاقی کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (25 اگست 2025): وفاقی کابینہ کے تمام ارکان نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے ارکان نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، مشیر اور معاونین خصوصی ایک، ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کیا ہے اور اس حوالے سے اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کو جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ وزرا، وزرائے مملکت، مشیروں اور معاونین خصوصی کی اگست کی تنخواہ سے کٹوتی کر کے یہ رقم سیلاب زدگان کے فنڈ قومی آفات منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے اکاؤنٹ میں جمع کرائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کلاؤڈ برسٹ، طوفانی بارشوں، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ملک بھر میں اب تک 700 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

سب سے زیادہ تباہی صوبہ خیبر پختونخوا میں آئی، جہاں 350 سے زائد اموات ہوئیں۔ گاؤں کے گاؤں لمحہ بھر میں صفحہ ہستی سے مٹ گئے اور خاندان اجڑ گئے۔ سینکڑوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ جب کہ سیلاب سے اربوں روپے کی عوامی املاک اور سرکاری انفرا اسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف اپنی ایک ماہ کی تنخواہ، پاک فوج نے اپنی ایک دن کی تنخواہ اور راشن کے پی کے سیلاب متاثرین کو عطیہ کی تھیں جب کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایک ماہ اور ان کی کابینہ سمیت سرکاری افسران کی جانب سے بھی تنخواہ میں سے کٹوتی کرا کے یہ رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

https://urdu.arynews.tv/flood-rail-released-by-india-enters-pakistani-territory/