اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 17 ستمبر کو طلب کرلیا، اجلاس میں13نکاتی ایجنڈے اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس 17ستمبر بروز منگل کو طلب کرلیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ امریکا اور سعودی عرب، پر تفصیلی گفتگو کے علاوہ ملک کی سیاسی، معاشی اور سلامتی کی صورتحال بھی زیر بحث آئے گی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال، ملکی سیاسی و پارلیمانی امور کا جائزہ لیا جائے گا اور عالمی رہنماؤں سے روابط اور سفارتی کوششوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
یاد رہے 3 ستمبر کو ہونے والے وزیر اعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر عالمی فورمز کا ہر دروازہ کھٹکھٹانے کا فیصلہ کیا تھا،
جبکہ بڑے صنعت کاروں کو ٹیکس معاف کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا تھا اور وزیراعظم نے جی آئی ڈی سی کی مد میں ٹیکس معاف کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے عمرایوب اور ندیم بابرسے تفصیلات طلب کیں تھیں۔
وزیراعظم نے اس ضمن میں میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وضاحت مانگ لی اور کہا تھا کہ ٹیکس معافی سےمتعلق ابہام کودورکیا جائے، عوام کو واضح اندازمیں بتایا جائے کہ ٹیکس کیوں معاف کیا گیا۔