اسلام آباد : وفاقی حکومت کی جانب سے قطری شہزادوں کو چاروں صوبوں کے 8 مختلف مقامات پر شکارگاہوں کی اجازت دے دی گئی ہے، اجازت وزارت خارجہ کی منظوری سے دی گئی۔
اے آر وائی نیوز کو موصول تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے قطری شہزادوں کو چاروں صوبوں میں 8 مختلف مقامات پر شکار گاہوں کی اجازت دے دی گئی، اجازت نامے وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیئے گئے ہیں۔
اسی سے متعلق : قطری شہزادوں کو شکار کی اجازت نواز شریف کی مداخلت پر ملی،عمران خان
ذرائع کے مطابق شکار گاہوں کی اجازت صوبہ پنجاب میں بہاولنگر، بھکر اور جھنگ، بلوچستان میں ضلع لورالائی، موسیٰ خیل، سراب اور بارکھان، سندھ میں دادو اور خیبر پختونخواہ کے علاقے ڈی آئی خان کے علاقوں کے لیئے دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے : قطری شہزادے کی شکار گاہ الاٹمنٹ منسوخ کی جائے، سردار یار محمد
واضح رہے کہ موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی تلور سمیت کئی پاکستان کے دریا کنارے آباد میدانی علاقوں کا رخ کرتے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں جمع ہو جاتے ہیں، جن کا شکار کرنا نہایت آسان ہو جاتا ہے تا ہم ماحولیات اور وائلڈ لائف کی جانب ان نایاب پرندوں کے شکار پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دی تھی جس کے بعد سے ان پرندوں کے شکار پر پابندی عائد ہے۔
تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے دوست ممالک کے مہمان حضرات کے لیے خصوصی اجازت بھی دے دی جاتی ہے جس پر کئی حلقوں کی جانب سے اعتراض اٹھایا جاتا رہا ہے۔
تاہم اس بار یہ اجازت نامے پاناما کیس میں قطری شہزادے کے خط کے بعد سے زیادہ زیر بحث لائے جا رہے ہیں اور وزیراعظم پاکستان اور وفاقی حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کی تنقید کا سامنا ہے۔