لاہور: پنجاب حکومت نے مجرم نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لیے وفاق کو مراسلہ لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مجرم نواز شریف کے خلاف مزید کارروائی تیز کرنے کی درخواست کر دی۔
وفاقی حکومت کو لکھے گئے مراسلے میں پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ مجرم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہیں۔ نوازشریف سزا پوری کرنے کے لیے خود کو قانون کے حوالے کریں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف پر وزیراعلیٰ پنجاب نے وزرا اور افسران کی کمیٹی بنائی، اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے نوازشریف کے معاملے پر 3 اجلاس کیے، کمیٹی میں عطاتارڑ نے نوازشریف کی نمائندگی کی۔
مراسلے کے مطابق کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹرعدنان کو بذریعہ اسکائپ شامل کیا گیا، کمیٹی اجلاس میں نوازشریف کے نمائندوں سے رپورٹس مانگی گئیں، دونوں نمائندوں نے مطلوبہ رپورٹس کے بجائے پرانی رپورٹس پر اکتفا کا کہا، رپورٹ نہیں دی گئی جس سے ثابت ہو نوازشریف اسپتال میں داخل ہیں۔
پنجاب حکومت نے مراسلے میں کہا کہ میڈیا کے ذریعے مریض کو اہل خانہ کے ہمراہ تفریح کرتے دیکھاگیا، میڈیا پر آنے والی خبروں سے مریض بظاہرصحت مندنظر آرہے ہیں، ریکارڈ سامنے رکھ کر فیصلہ کیا سزا معطلی کو برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔