وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے لانگ مارچ سے متعلق مذاکرات شروع کر دیے جس کا دوسرا دور کل ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومتی نمائندوں سے مذاکرات قریبی دوستوں کے ذریعے ہو رہے ہیں، اس میں صدر مملکت عارف علوی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کاروں کی جانب سے درمیانی راستہ نکالنے کی کوششیں کی گئیں تاہم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لانگ مارچ مکمل کرنے کے حق میں ہیں۔
مذاکرات میں عام انتخابات کی تاریخ پر بات چیت ہو رہی ہے، مذاکرات کا دوسرا دور کل ہوگا۔
’’اگر کوئی بات چیت کرنا چاہے تو آپ کرلیں‘‘، عمران خان نے مذاکرات کا اختیار صدر عارف علوی کو دے دیا#ARYNews #ImranKhan #LongMarch pic.twitter.com/z611aQOmsh
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) October 29, 2022
خیال رہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی سے بات چیت کے لیے 13 رکنی کمیٹی قائم کی ہے جس کے سربراہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ہیں۔
کمیٹی میں ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، قمر زمان کائرہ، خالد مقبول صدیقی، میاں افتخار، مولانا اسد اور مریم اورنگزیب سمیت حنیف عباسی، خالد مگسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور طارق بشیر چیمہ بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، جمہوری لوگ ہیں بات چیت کے لیے تیار ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے حکومت سے بات چیت کے لیے شرط رکھ دی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہان ہے کہ سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں مگر پہلی شرط یہ ہے کہ عام انتخابات کا اعلان کیا جائے اور ٹائم فریم طے کیا جائے۔