وفاقی وزیرصحت کی سربراہ ڈبلیوایچ او سے ملاقات،شعبہ صحت میں بھرپور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد : سربراہ ڈبلیوایچ او نے وفاقی وزیرصحت عامرکیانی سے ملاقات میں شعبہ صحت میں بھرپور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، عامرکیانی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کےوژن کےمطابق شعبہ صحت اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیرصحت عامرکیانی سے عالمی ادارہ صحت کےسربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایدھنم کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پاکستان کی مجموعی صحت کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

عامرکیانی نے سربراہ ڈبلیوایچ اوکوشعبہ صحت کےنظام ، چیلنجز،اصلاحات وتدارک پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزیرصحت نے کہا وزیراعظم کےوژن کےمطابق شعبہ صحت اولین ترجیح ہے، غربت کی لکیرسےنیچےرہنےوالےحکومتی ترجیحات کاحصہ ہیں۔

عامرکیانی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مستحق افرادکوہیلتھ کارڈزفراہم کررہی ہے، 2019کےاختتام تک نصف ملکی آبادی ہیلتھ کارڈ سے مستفید ہوگی۔

ملاقات میں سربراہ ڈبلیوایچ او ڈاکٹر ٹیڈروس ایدھنم نے شعبہ صحت میں بھرپورتعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں :  عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایدھنم پاکستان پہنچ گئے

یاد رہے گذشتہ روز عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایدھنم  پاکستان پہنچے تھے ، سلام آباد ایئر پورٹ پر وزارت صحت اور ڈبلیو ایچ او کے مقامی حکام نے ڈاکٹر ٹیڈروس کااستقبال کیا، وہ سات جنوری تک پاکستان میں قیام کریں گے، دورے کے موقع پر سربراہ ڈبلیو ایچ او وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کریں گے۔

علاوہ ازیں ڈاکٹرٹیڈروس سات جنوری کو پولیو ڈونرکانفرنس میں شریک ہوں گے، وزیر صحت کی زیرصدارت ڈونرکانفرنس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوگی، پاکستان کانفرنس میں دنیا کو انسداد پولیو سے متعلق اپنے اقدامات سے آگاہ کرے گا۔