نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت، صوبہ ہزارہ کیلیے جدوجہد تیز کریں گے، وفاقی وزیر

مانسہرہ (26 اگست 2025): وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت اور صوبہ ہزارہ کیلیے جدوجہد تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انتظامی طور پر نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے اور ساتھ ہی صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے جدوجہد تیز کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ تحریک صوبہ ہزارہ میں 7 نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے۔ اب صوبہ ہزارہ پاکستان کی ضرورت بن چکا ہے۔

سردار محمد یوسف کا یہ بھی کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے وقت ساڑھے تین کروڑ کی آبادی کے لیے 4 صوبے تھے اور آج 25 کروڑ کی آبادی کے لیے بھی صرف چار صوبے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں انتظامی ضرورت ہو، وہاں نئے صوبے قائم کیے جائیں، اس کی ہم حمایت کریں گے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اس حوالے سے جمع بل کو بحث کے لیے لایا جائے اور آئندہ ہر آئینی ترمیم میں صوبہ ہزارہ کو شامل کیا جائے۔

واضح رہے کہ ملک میں اس وقت نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے خبریں بازگشت کر رہی ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان اور یونائیٹڈ بزنس گروپ نے اس کی حمایت کا اعلان کیا ہے جب کہ پی پی کی جانب سے اس کی حسب روایت مخالفت کی جا رہی ہے۔