اسلام آباد: سپریم کورٹ نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رہنما فہمیدہ مرزا اور ان کے شوہر ذوالفقار مرزا کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف درخواست پر کارروائی ملتوی کر دی۔
سپریم کورٹ میں فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
این اے 222 بدین، پی ایس 70 اور 71 سے فہمیدہ مرزا اور ذولفقار مرزا کے مخالف فریق سجاد علی نے کاغذات نامزدگی چیلنج کیے تھے۔
وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کے روبرو کہا کہ فہمیدہ مرزا اور ذولفقار مرزا بینک ڈیفالٹر ہیں، سندھ ہائی کورٹ نے فہمیدہ اور ذولفقار مرزا کو انتخابات لڑنے کی اجازت دی۔
اس پر چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ سندھ ہائیک ورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بغیر کیسے سپریم کورٹ آپ کو سن لے؟ انتخابات سے سات روز قبل کیسے کسی کو الیکشن لڑنے سے روک دیں؟
عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلیے ملتوی کر دی۔