6 سالہ بچہ بارش میں نہاتے ہوئے پھسل کر نالے میں ڈوب گیا

فیروزوالہ: صوبہ پنجاب میں تیز بارشوں کے دوران فیروزوالا میں ایک معصوم بچے کے ساتھ افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے، چھ سالہ بچہ بارش میں نہاتے ہوئے نالے میں ڈوب گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے علاقے فیروزوالا میں 6 سالہ بچہ بارش میں نہاتے ہوئے پھسل کر نالے میں ڈوب گیا، یہ واقعہ بدوپلی چھٹہ کالونی میں پیش آیا ہے، گزشتہ رات سے بچے کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت 10 ہزار روپے گھنٹہ پر کرین منگوا کر بچے کو تلاش کیا، لیکن تاحال وہ نہیں مل سکا ہے۔

ڈوبنے والے بچے کی شناخت 6 سالہ عبدالہادی کے نام سے ہوئی ہے، علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ انہار کی غفلت کے باعث کئی سال سے نالے کی صفائی نہیں ہوئی ہے۔