فیصل آباد : فیسکو کا کمپیوٹر آپریٹر ملازمین کی تنخواہوں کے 80 لاکھ روپے ہڑپ کر گیا، حکام نے اکاؤنٹس اسسٹنٹ کے عہدے پر تعینات کمپیوٹر آپریٹر اصغر علی کو معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق فیسکو کا کمپیوٹر آپریٹر ملازمین کی تنخواہیں ہڑپ کر گیا، فیسکو آئی ٹی برانچ کے اکاؤنٹ سیکشن کے افسران کمپیوٹر آپریٹر اصغر علی سے گزشتہ کئی ماہ سے اکاؤنٹس اسسٹنٹ کے طور پر کام لے رہے تھے۔
اس دوران اصغر علی ہر ماہ ملازمین کی تنخواہوں سے مخصوص رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرتا رہا، ملزم نے مجموعی طور پر اسی لاکھ روپے کا غبن کیا، ملزم اصغر نے اپنے ساتھی ملازمین کی مبینہ معاونت سے رقم غبن کی۔
فیسکو حکام نے ملزم اصغر علی کو معطل کر دیا جبکہ ڈی جی ایچ آر نے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر 6 اکتوبر تک رپورٹ مانگ لی ہے ۔
کمیٹی ارکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیرمتعلقہ اہلکار کو اکاؤنٹس اسسٹنٹ کی سیٹ پر تعینات کرنے والوں اور ملزم کے معاون اہلکاروں کا تعین بھی کیا جائے۔