فخر زمان کی اونچی اڑان، اہم ایوارڈ کیلیے نامزد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان کو ون ڈے میں لگاتار تین سنچریاں جڑنے کا صلہ مل گیا آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان نے حال ہی میں ون ڈے میں لگاتار تین سنچریاں جڑی ہیں ان کی اس بے مثال کارکردگی نے قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف 12 سال بعد ون ڈے سیریز میں فتح یاب بھی کرایا ہے۔

فخر زمان کی اس لاجواب کارکردگی کا صلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انہیں آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کر کے کیا ہے۔

آئی سی سی نے اپریل کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں فخر زمان کے ساتھ سری لنکا کے پراباتھ جے سوریا اور نیوزی لینڈ کے مارک چیپ مین بھی شامل ہیں۔

فخر زمان اگر آئی سی سی کا یہ ایوارڈ جیتتے ہیں تو وہ پہلی بار پلیئر آف کی منتھ کا اعزاز حاصل کریں گے۔

واضح رہے کہ فخر زمان لگاتار تین ون ڈے میچز میں سنچریاں بنانے والے چوتھے پاکستانی بلے باز ہیں۔ ان سے قبل کپتان بابر اعظم، سعید انور اور ظہیر عباس بھی ون ڈے میچز میں سنچریوں کی ہیٹ ٹرک کر چکے ہیں۔

فخر زمان نے 2017 میں جنوبی افریقا کے خلاف ایک روزہ میچ میں ڈیبیو کیا تھا۔ وہ اب تک 68 ایک روزہ میچز کھیل کر 48.55 کی اوسط سے 3029 رنز بناچکے ہیں جن میں 10 سنچریاں اور 15 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔

قومی اوپنر نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری سیریز کے دوسرے میچ میں ون ڈے میچز میں تیزی سے 3000 رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے بیٹر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

فخر زمان نے یہ سنگ میل 67 میچز میں حاصل کیا جبکہ ون ڈے کرکٹ میں تیز رفتار 3000 رنز بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے مسلم کرکٹر ہاشم آملہ کے پاس ہے جنہوں نے 57 میچز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔