ججوں کیخلاف مہم پر ایف آئی اے نے کارروائی کی، آزادی اظہار لامحدود نہیں، وزیر اطلاعات

اسلام آباد: نگراں وزیراطلاعات نے کہا ہے کہ عدلیہ کے خلاف مہم چلانے پر جے آئی ٹی بنائی گئی، آرٹیکل 19 کے تحت آزادی اظہار لامحدود نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات، جےآئی ٹی سربراہ اور متعلقہ حکام نے پریس کانفرنس کی۔ اس دوران نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ تنقید کو تہذیب کے دائرے میں رکھیں، بہتان سے گریز کریں۔

انھوں نے کہا کہ اب تک جو بھی کارروائی ہوئی وہ قانون کے تحت ہوئی۔ ججوں کیخلاف مہم پر ایف آئی اے نے قانون کے مطابق کارروائی کی۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ کسی کو ہراساں نہیں کیا گیا، نہ کسی کو اٹھایا نہ رات کو دروازہ کھٹکھٹایا۔ اعلیٰ عدلیہ قانون کے مطابق شکایات پر فیصلے کرے گی۔ جو کچھ عدلیہ سے متعلق بولا گیا وہ تنقید کے زمرے میں نہیں آتا۔

نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ جےآئی ٹی اپنا کام کرجاری رکھے ہوئے ہے۔ کسی کو نوٹس ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ مجر م ہے۔ ہم آئین اورعدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کوئی ایف آئی اے میں جائے اور گرفتارکرلیا جائے اس طرح کی اندھی ملک میں نہیں۔ جے آئی ٹی بننے کے بعد کسی کو گرفتارنہیں کیا گیا نہ ہراساں کیا گیا۔ جے آئی ٹی بننے کے بعد بہتان تراشی اور غلیظ مہم میں واضح کمی آئی ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہم آئین اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ قانون سازی پارلیمان کا اختیار ہے۔ کسی کو نوٹس دینا متعلقہ اداروں کا اختیار ہے۔ 100 کے قریب انکوائریز ہوچکی ہیں۔ عدلیہ پر حملے ہوں تو ہم چپ ہوکر نہیں بیٹھ سکتے۔

اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ نوٹس دینے کا مطلب ہے کہ آپ آکر اپنا موقف دیں۔ نوٹس ملنے پر افراتفری پھیلائی گئی ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ نوٹس ملنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم آپ کو گرفتار کرلیں گے۔