کراچی: ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے زور دیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ، کرپشن، منی لانڈرنگ، ممنوعہ ادویات کی تیاری اور اوور بلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کی جائیں۔
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے لاہور زون کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈائریکٹر فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان زون نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس میں احمد اسحاق جہانگیر کو جامع کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ اجلاس میں اوور بلنگ، پاسکو اسکینڈل، منی لانڈرنگ اور انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں کے خلاف کاروائیوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی ایف آئی اے نے زونز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ اجلاس کے اختتام پر آئندہ کے لائحہ عمل کو زیر غور لایا گیا۔
احمد اسحاق جہانگیر نے انسانی اسمگلنگ، کرپشن، منی لانڈرنگ، ممنوعہ ادویات کی تیاری اور اوور بلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے، مسافروں کو بہترین امیگریشن سروسسز فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، بیرون ملک بھیک مانگنے کے غرض سے جانے والے عناصر کی سخت اسکریننگ کی جائے۔