ایف آئی اے نے چوہدری پرویز الہٰی کو دوبارہ حراست میں لے لیا

پرویز الہی

لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کو ایک اور کیس میں گرفتار کرلیا گیا ، چوہدری پرویزالہٰی کی ہفتے کواینٹی کرپشن کیس میں ضمانت ہوئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کی ٹیم نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری  پرویزالہٰی کو دوبارہ حراست میں لے لیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کی ٹیم نے سابق وزیراعلٰی کو جیل سے گرفتار کیا، ٹیم پرویزالہٰی کو بکتربند گاڑی میں لے کر روانہ ہوگئی۔

ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ پرویزالہٰی کومنی لانڈرنگ کیس میں تفتیش کیلئے حراست میں لیا گیا ہے۔

چوہدری پرویزالہٰی کی ہفتے کواینٹی کرپشن کیس میں ضمانت ہوئی تھی تاہم ضمانت کی روبکار کیمپ جیل نہیں پہنچ سکی، جس سےرہائی ممکن نہیں ہوئی۔

یاد رہے آج صبح ایف آئی اے نے چوہدری پرویز الہٰی کے فرنٹ مین اور گن مین چوہدری محمد زمان کو گرفتار کیا تھا ، وہ پرویز الہٰی کے کیش بوائے اور فرنٹ مین تھا۔

ایف آئی اے ذرائع نے بتایا تھا کہ چوہدری محمد زمان پرویز الہٰی کے پیسوں کے لین دین میں بھی ملوث ہے، چوہدری زمان پرویز الہٰی کی مبینہ بیوی سارا انوار کے ساتھ مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی لین دین کرتا تھا۔

ایف آئی اے نے چوہدری محمد زمان کے موبائل فون کی فرانزک کے ذریعے شواہد حاصل کر لیے ہیں۔