ایف آئی اے کی سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی، 3 مسافر گرفتار

شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپ بھجوانے میں ملوث انسانی اسمگلر گرفتار

سیالکوٹ: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے تین مسافروں کو گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار کیے گئے ملزمان جعلی دستاویز پر سفر کررہے تھے، ملزم محمد رشید کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم محمد ابوبکر سعودی عرب سے پاکستان پہنچا تھا، ملزم نے ایجنٹ کے ذریعے بوسنیا جانے کی ڈیل 32 لاکھ میں کی تھی۔

ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزم نے لاہور سے سعودی عرب عمرہ ویزہ پر سفر کیا، ملزم کے موبائل فون سے بوسنیا کا جعلی ویزا بھی برآمد کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 17 اگست کو ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک سے پاکستان آنے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نور محمد فلائٹ نمبر پی کے 732کے ذریعے سعودی عرب سے پاکستان پہنچا تھا، ملزم کے ایمرجنسی پاسپورٹ پر جعلی تجدید کی مہر لگی ہوئی تھی۔

ترجمان نے بتایا تھا کہ ملزم مذکورہ اسٹمپ کے حوالے سے بھی کسی قسم کی دستاویزات دینے میں ناکام رہا اور اس حوالے سے ملزم کے پاسپورٹ کی جانچ پڑتال کے لیے پاکستانی مشن جدہ سے بھی رابطہ کیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق پاکستانی مشن جدہ نے بھی مذکورہ اسٹمپ کو جعلی قرار دیا ، ترجمان کے مطابق ملزم کا تعلق کراچی سے ہے۔