فیصل آباد: ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے تین کروڑ 62 لاکھ کے بینک فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم حسن رضا پولیس کو بھی 8 مقدمات میں مطلوب تھا، ملزم کو حسن پورہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ملزم نے بینک منیجر کے ساتھ مل کر شہری کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ 28 ہزار ڈالر نکلوائے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق بینک کی گٹ والا برانچ میں جعلی اکاؤنٹس بنا کر رقم نکلوائی گئی، ملزم حسن رضا بطور جوائنٹ اکاؤنٹ ہولڈر واردات میں شریک رہا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ساتھی ملزمان بینک اہلکار عثمان اور شہزاد پہلے ہی گرفتار ہیں، ملزم عثمان منیجر اور شہزاد ریلیشن شپ منیجر تعینات تھا۔
یہ پڑھیں: بینکنگ فراڈ : صارفین آنے والی جعلی کال کو کیسے پہچانیں؟ احتیاطی تدابیر
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں وفاقی بینکنگ محتسب سراج الدین نے ناظرین کو بینکنگ فراڈ سے بچنے کیلیے چند احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی صارف کو کوئی ایسی کال موصول ہو جس میں پلس کا نشان ہو یا دو صفر شامل ہوں اسے کولڈ کال کہا جاتا ہے، تو اس کال کو ریسیو بالکل نہ کریں۔
اس طرح کا فراڈ کرنے والے بہت زیادہ تحمل اور مخلص ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں یا دھمکی آمیز لہجے میں بات کرتے ہیں اور خود کو کسی ادارے یا لاء انفورسمنٹ ایجنسی کا نمائندہ ظاہر کرتے ہیں۔
تمام صارفین اس بات کو ذہن نشین کرلیں کہ کسی بھی بینک کا نمائندہ آؤٹ باؤنڈ کال نہیں کرسکتا، لہٰذا کوئی بھی ایسی کوئی کال رجسٹرڈ نمبر سے بھی آئے تو اس کو کوئی جواب ہی نہ دیں۔