فوری پاسپورٹ کے نام پر لوگوں کو لوٹنے، شہری سے 90 لاکھ ہڑپنے والے ملزمان گرفتار

(17 جولائی 2025): جلد پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دے کر شہریوں کو لوٹنے والے جعلساز کو اور ایک شخص سے 90 لاکھ فراڈ کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے دو مختلف کارروائیوں میں فوری پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دے کر شہریوں کو لوٹنے اور جعلسازی سے ایک شخص کے بینک اکاؤنٹ سے 90 لاکھ روپے نکلوانے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پاسپورٹ مافیا کے خلاف ملک گیر کارروائی کے سلسلے میں ایف آئی اے بلوچستان زون نے کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو فوری پاسپورٹ بنوانے کے نام پر رقم بٹورنے میں ملوث ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم عبدالمالک کو پاسپورٹ آفس چمن کے باہر سے اس وقت گرفتار کیا گیا، جب وہ پاسپورٹ آفس سے نکل کر کہیں جا رہا تھا۔

 

ایف آئی اے اہلکاروں نے ملزم کے پاس سے 13 عدد پاکستانی پاسپورٹ، 51 عدد ٹوکن، 48 ڈیٹا فارم، 9 ویری فکیشن فارم اور موبائل فون بھی برآمد کیا۔

ترجمان کے مطابق ملزم اپنے پاس سے ملنے والے پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات کی برآمدگی سے متعلق حکام کو تسلی بخش جواب نہ دے سکا، جس کے بعد اس کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کوئٹہ میں شہریوں کو جلد پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دے کر اضافی پیسے بٹور رہا تھا۔

دریں اثنا ایف آئی اے نے گجرات میں کارروائی کرتے ہوئے شہری سے فراڈ کر کے 90 لاکھ روپے لوٹنے کے فراڈ میں ملوث تیسرے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ملزم علی فرید نے ایک شہری کے اکاؤنٹ سے 90 لاکھ روپے جعلسازی سے نکلوائے۔ ملزم نے اپنے لیے اسی بینک سے دو جعلی چیک بھی تیار کرائے ہوئے تھے۔