کراچی: ایف آئی اے نے قتل کی واردات کے بعد بیرون ملک فرار ہونیوالے ملزمان کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انٹرپول نے کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں مطلوب خاتون سمیت 2 ملزمان کو دبئی سے گرفتار کرلیا، اغوا کی گئی کمسن بچی کو بھی دبئی سے بازیاب کروالیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں محمد فاروق اور محمودہ اختر نامی خاتون ملزمہ شامل ہے، دونوں پنجاب پولیس کو مطلوب تھے، انہیں دبئی سے گرفتار کر کے لاہور ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم محمد فاروق سال 2023 میں قتل کر کے بیرون ملک فرارہو گیا تھا، ملزم کے خلاف تھانہ سٹی لالہ موسیٰ میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، ساتھ ہی خاتون ملزمہ کمسن بچی کو اغوا کرنے میں ملوث تھی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمہ ڈیڑھ سالہ بچی کو اغوا کر کے دبئی فرار ہوگئی تھی، ملزمہ کے خلاف تھانہ رنگپور سیالکوٹ میں مقدمہ درج تھا، ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کئے تھے۔