وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے کرپٹ افسران کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے میں خوداحتسابی کا نیا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے جس میں اینٹی کرپشن ونگ میں ’’ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی‘‘ قائم کیا گیا ہے۔
نظام کے تحت ایف آئی اے افسران کی کارکردگی کی سخت نگرانی کی جائےگی۔ نیا ڈائریکٹوریٹ بدعنوانی کے خلاف خودمختار انکوائری کرے گا۔
ونگ دیگر ذرائع سے موصول معلومات پر بھی انکوائری کا اختیار رکھتا ہے۔ زون کی سطح پر ڈائریکٹرز اور ایڈیشنل ڈی جی بھی احتساب کیلئے بااختیار ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی ممکن ہو گی، اقدام کا مقصد ایف آئی اے میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔
نیا ڈائریکٹوریٹ کارکردگی اور ضابطہ اخلاق کی مکمل نگرانی کرے گا اور اس اقدام سے ادارے کے اندر احتساب کا کلچر فروغ پائے گا۔