فیلڈ مارشل سے چینی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات

فیلڈ مارشل سے چینی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات

راولپنڈی (22 اگست 2025): چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاکستان کی ترقی اور خودمختاری کیلیے تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اہم ملاقات کی، اس دوران علاقائی سکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں کی جانب سے مثالی دوستی اور ہر فورم پر یکساں مؤقف اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی ترقی اور خودمختاری کیلیے تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے چین کے مثالی تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کیلیے کوشش جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے تحفظ میں چین کی قیادت، حکومت اور عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے چین کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشنز ٹیکنالوجی، زراعت، صنعتکاری، کان کنی اور معدنیات سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور کابینہ کے سینئر ارکان بھی موجود تھے۔

شہباز شریف نے چینی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے چین کی قیادت، حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے تحفظ میں ان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔