فیلڈ مارشل کا پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، سکھ برادری سے ملاقات

فیلڈ مارشل کا پنجاب کے سیلاب زدہ متاثرہ علاقوں کا دورہ، سکھ برادری سے ملاقات

راولپنڈی (29 اگست 2025): فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سکھ برادری سے ملاقات کی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں سول انتظامیہ اور فوجی جوانوں کی مشترکہ و انتھک کوششوں کو سراہا۔

سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی خدمت اور جان و مال کو محفوظ بنانے کیلیے اٹھائے گئے اقدامات لائقِ تحسین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

انہوں نے سیلاب سے متاثرہ سکھ برادری سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے گی۔

فیلڈ مارشل نے اعلان کیا کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات، بشمول گوردوارہ دربار صاحب کرتاپور، کو اصل حالت میں ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ریاست اور ادارے اقلیتوں کے حقوق کے نگہبان ہیں اور ان کے مقدس مقامات کے تحفظ کیلیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

سکھ برادری نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا اور اس مشکل وقت میں سول انتظامیہ اور پاک فوج کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

آرمی چیف نے گوردوارہ دربار صاحب کرتاپور کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا براہ راست معائنہ کیا جا سکے۔

بعدازاں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سول انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے بروقت ردعمل اور اقدامات کی تعریف کی جس سے جانی اور مالی نقصان کم سے کم ہوا۔

جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قوم مشکل کی اس گھڑی میں اپنی فوج کو اپنے ساتھ کھڑا پائے گی۔

دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر گوجرانوالہ نے کیا۔