سعودی عرب 2034 میں فٹبال کا عالمی کپ اپنے ملک میں کرانے کا خواہاں ہے اور سرکاری بولی میں 5 شہروں کو میزبانی کے لیے پیش کیا ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عرب جو 2034 میں فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا خواہشمند ہے اور اس کے لیے فیفا کو بولی بھی دے چکا ہے۔ میگا ایونٹ کی میزبانی کے لیے اپنے 5 شہروں کے نام تجویز کیے ہیں۔ ان شہروں میں 15 جدید اسٹیڈیم کو میزبانی کے لیے تیار کیا جائے گا جس میں سے 11 نئے اسٹیڈیمز ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی آفیشل بڈ بک جمع کرانے کے بعد فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے سعودی عرب کی جانب سے کی جانب والی پیشکشوں سے پردہ اٹھایا ہے۔
اس آفیشل بڈ میں جن شہروں کو میزبانی کے لیے چُنا گیا ہے۔ ان میں سعودی دارالحکومت ریاض کے علاوہ جدہ، الخوبر، ابہا اور نیوم شامل ہیں ان میں نیوم مملکت کے مستقبل کے اہم ترین منصوبوں میں سے ایک ہے۔
بولی کی تجاویز کے مطابق مذکورہ پانچ شہروں میں 15 جدید اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ چار پرانے اسٹیڈیمز کے ساتھ 11 نئے اسٹیڈیم بنائے جائیں گے۔
ان میں ریاض میں تعمیر کیا جانے والا کنگ سلمان اسٹیڈیم سمیت 8 اسٹیڈیمز میزبانی کریں گے۔ کنگ سلمان اسٹیڈیم میں 92 ہزار سے زائد شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور یہ اسٹیڈیم افتتاحی میچ کے ساتھ فائنل میچوں کی میزبانی کے لیے بھی تجویز کیا گیا ہے۔
ریاض کے شہزادہ محمد بن سلمان اسٹیڈیم میں ٹرپل ٹائرڈ اسٹینڈز ہوں گے اور ایک جدید، مستقبل کے ڈیزائن کے ساتھ تویق چٹانوں میں سے ایک کا شاندار منظر پیش کیا جائے گا۔ ریاض میں تجدید شدہ کنگ فہد اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں 70,000 سے زیادہ شائقین کی گنجائش ہوگی۔
جدہ میں، نئے جدہ سینٹرل ڈویلپمنٹ اسٹیڈیم میں مقامی ورثے سے متاثر آرکیٹیکچرل ڈیزائن پیش کیا جائے گا، جب کہ ساحلی کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم بحیرہ احمر کے مرجان کی چٹانوں سے متاثر ہوگا۔
الخوبر میں آرامکو اسٹیڈیم خلیج عرب کے ساحل پر واقع ہوگا جس کا ڈیزائن سمندر سے متاثر ہوگا۔ ابہا میں، کنگ خالد یونیورسٹی اسٹیڈیم کو توسیع دی جائے گی جس سے اس اسٹیڈیم میں شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش 45 ہزار سے زائد ہو جائے گی۔
نیوم اسٹیڈیم، جو لائن پراجیکٹ کے اندر واقع ہے، ایک بے مثال تجربہ فراہم کرے گا، جو مکمل طور پر قابل تجدید توانائی پر چل رہا ہے۔
میزبانی کے منصوبے میں تربیتی کیمپوں کے لیے 10 دیگر مقامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے پاس پانچ میزبان شہروں میں فیفا کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے 230,000 کمرے ہوں گے۔ 15 شہروں میں کل 132 تربیتی مقامات تجویز کیے گئے ہیں جن میں بیس کیمپ ٹریننگ سائٹس کے لیے 72 اسٹیڈیم شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بڈ بُک میں فیفا فین فیسٹیول کی 10 مجوزہ سائٹوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جب کہ فیفا ہر میزبان شہر میں ایک سائٹ کا انتخاب کرتا ہے۔ ان مقامات میں ریاض میں کنگ سلمان پارک، جدہ واٹر فرنٹ، ابہا میں البھار اسکوائر، نیوم میں دی لائن کے اندر مرینا اور الخوبر میں کنگ عبداللہ پارک شامل ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/saudi-arabia-big-project-announced/