بھارت میں شادی کے دوران جہیز کے معاملے پر جھگڑے کی خبریں تو میڈیا کی زینت بنتی رہتی لیکن اب شادی کی تقریب رس گلے کم پڑنے پر میدان جنگ بن گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش میں شادی کی تقریب میں رس گلے کم پڑگئے جس کے بعد معمولی لفظی تکرار ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی اور جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ ریاست اتر پردیش کے علاقے شمس آباد میں پیش آیا جہاں کھانا کھلتے ہی مہمانوں نے کھانے کی میز پر ہلہ بول دیا۔
پولیس کے مطابق شادی میں کسی نے رس گلےکے کم پڑ جانے کا کہا جس کے بعد رس گلوں کو حاصل کرنے میں 6 افراد کے درمیان جھگڑا ہوا جو اس قدر بڑھ گیا کہ جھگڑا کرنے والے افراد زخمی ہوگئے اور انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
تنازع میں زخمی افراد کی شناخت منوج، کیلاش، بھگوان دیوی، یوگیش، دھرمیندر اور پون کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے زخمی افراد کو طبی امداد دیتے ہوئے ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے جب کہ زخمی افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔