انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کی پرو لیگ میں شرکت کی تصدیق کردی۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم پرو لیگ 2025-26 کے سیزن میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔
رواں سال کے شروع میں ملائیشیا میں ایف آئی ایچ نیشنز کپ جیتنے کے باوجود ہاکی نیوزی لینڈ ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئی جس کے بعد گرین شرٹس کو باضابطہ طور پر لیگ آف دی بیسٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
پی ایچ ایف کو ابتدائی طور پر اپنی قومی ٹیم کی شرکت کی تصدیق کے لیے 12 اگست کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی لیکن فیڈریشن نے 20 اگست تک توسیع مانگی کیونکہ وہ حکومت کی جانب سے مالی امداد کا انتظار کر رہی تھی۔
یہ پڑھیں: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو پرو لیگ میں شرکت کی دعوت دے دی
بعد ازاں فیڈریشن کو بدھ کو ایونٹ کے لیے 250 ملین روپے جاری کیے گئے جس کے نتیجے میں اگلے دن ٹیم کی شرکت کی تصدیق کی۔
ٹورنامنٹ کے آئندہ ساتویں ایڈیشن میں پاکستان، ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم، انگلینڈ، جرمنی، نیدرلینڈز اور اسپین کے ساتھ روایتی حریف بھارت کے ساتھ شامل ہو گا۔
ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس کی شرکت کا مطلب یہ تھا کہ وہ روایتی حریف بھارت کے خلاف بھی مقابلہ کریں۔
ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام نے پرو لیگ میں پاکستان کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بھرپور تاریخ رکھنے والی ٹیم کے لیے ایک بڑا فروغ ہوگا اور ٹورنامنٹ کے ناظرین کو تقویت بخشے گا۔
اکرام نے ایف آئی ایچ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو ایلیٹ مقابلے میں واپس دیکھ کر بہت اچھا لگا، یہ عالمی ہاکی کے لیے واقعی ایک مؤثر سنگ میل ہے۔