اوورسیز پاکستانیوں کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کا حق دینے کیلیے درخواست دائر

چیئرمین پی ٹی آئی

اوور سیز پاکستانیوں کو پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کا حق دینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اوور سیز پاکستانیوں کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کا حق دینے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔

یہ درخواست بیرون ملک مقیم پاکستانی محمد ندیم یوسف کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں وفاقی اور صوبائی حکومت، الیکشن کمیشن اور نادرا کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخوست گزار کا موقف ہے کہ اوور سیز پاکستانی دنیا کے مختلف ممالک میں بڑی تعداد میں موجود ہیں اور ان کا ملکی معیشت میں بڑا کردار ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق فراہم کیا جائے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے حق کا بل منظور کیا گیا تھا۔

تاہم شہباز شریف کی زیر قیادت موجودہ پی ڈی ایم حکومت نے آتے ہی ان کو دیا گیا یہ حق واپس لیا اور قومی اسمبلی نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی منظوری دی تھی۔ جس کے بعد اوور سیز پاکستانی بیرون ملک سے ووٹ کا حق استعمال نہیں کر سکیں گے۔