‘پاکستان کے پاس غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے’

غیر ملکی کرنسی ایکسچینج

اسلام آباد : وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے موڈیز کے نمائندوں کو بتایا کہ پاکستان کے پاس غیرملکی زرمبادلہ کےذخائر 9ارب ڈالرتک پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے کریڈٹ ریٹنگ ادارے موڈیز کے نمائندوں کی آن لائن میٹنگ ہوئی۔

جس میں وزیر خزانہ نے موڈیز حکام کو پاکستان کی معاشی کارکردگی سے آگاہ کیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کے پاس غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالرتک پہنچ گئے ہیں، مہنگائی 12.6 فیصد،ترسیلات زر میں 7.7 فیصد اضافہ ہواہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال ٹیکس وصولیوں میں 30 فیصد اضافہ ہوا،دائرہ کار مزید بڑھائیں گے، پہلی بار ڈیڑھ لاکھ ریٹیلز کو ٹیکس سسٹم میں رجسٹرڈ کیا گیا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ حکومت2 سال میں جی ڈی پی میں ٹیکسوں کے تناسب میں 3 فیصداضافہ کرے گی۔

موڈیز نمائندوں کو حال ہی میں طے پانے والے آئی ایم ایف معاہدے سے بھی آگاہ کیا گیا۔