ریاض: سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے 80 لاکھ ریال مالیت کے تنازعات نمٹا دیے، یہ تنازعات آجروں اور اجیروں کے درمیان تھے۔
اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے 2022 کے دوران 80 لاکھ ریال مالیت کے تنازعات نمٹا دیے۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آجروں اور اجیروں کے درمیان مالی تنازعات تیزی سے نمٹانے کے لیے ایک طریقہ کار کے تحت کام کر رہی ہے۔
پہلے مرحلے میں کوشش کی جاتی ہے کہ فریقین کے دعوے سن کر تنازعات برادرانہ ماحول میں طے کروائے جائیں۔
اگر فریقین اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہیں اور وہ کیس آگے بڑھانا چاہتے ہیں تو ایسی صورت میں وزارت کی مصالحتی کمیٹی، کیس کورٹ کے حوالے کردیتی ہے، باقاعدہ سماعت کے بعد دلائل و شواہد کی بنیاد پر فیصلہ دیا جاتا ہے۔
عسیر ریجن میں وزارت کے ڈائریکٹر جنرل ہادی الشہرانی نے بتایا کہ 80 لاکھ ریال سے زیادہ کے 4500 سے زیادہ کیسز میں اجیروں کے حقوق ادا کروائے گئے۔